Header IMCB H-9
►►►►►►   PTM held successfully on January 31, 2023. IMCB H-9 Islamabad

اسلام آباد ماڈل کالج برائے طلبہ ایچ 9 میں والدین اساتذہ ملاقات کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب کو کامیاب بنانے کے لئے ماہ رواں میں بھر پور تیاریاں کی گئیں ۔ ہر جماعت کے وٹس ایپ گروپ میں والدین کی آگہی کے لیے بھرپور رابطہ مہم چلاتے ہوئے سیکشن مینٹورز نے تمام طلبہ کے والدین کو بذریعہ ٹیلی فون اور میسج آج کی تعلیمی نشست کے بارےمیں آگاہ کیا گیا۔ جس کی وجہ سے والدین کی کثیر تعداد (کم و بیش 650 ) نے شرکت فرما کر اس مشق کو بامقصد بنایا۔

Parent-Teacher Meeting on January 31, 2023

شعبہ امتحانات کے 3 ماہانہ ٹیسٹ اور سینڈ اپ امتحانات کے انعقاد اور ان کے نتائج کو والدین تک پہنچانا اسی تسلسل کی کڑی ہے ۔ پروفیسر عابد علی مغل ، پروفیسر ابرارخٹک ، پروفیسر بلال احمد،پروفیسر طلحہ افتخار، پروفیسر فاروق اعظم اور معاون سٹاف کی شبانہ روز کاوشیں جیسا کہ نتائج کو مرتب کرنا، کالج ویب سائٹ پہ اپ لوڈ کرنا، ہر طالب علم کا تین ماہانہ ٹیسٹس اور سینڈ اپ امتحان کا نتیجہ منظم و مرتب طریقے سے پہنچانابجا طور پر قابل صد افتخار ہے اور اس اجتماعی کاوش اور کار دارد پر شعبہ امتحانات کی پوری ٹیم بجا طور پر داد و تحسین کی حقدار ہے۔

PTM January 31, 2023

انتظامی کمیٹی نے جس احسن انداز سے اس سرد موسم میں دھوپ سے لطف اندوز ہونے اور نشست و برخاست کا اہتمام کیا اور ہر ضرورت کی چیز کو جائے تقریب پر پہنچایا بلاشبہ کوئی آسان کام نہیں تھا ۔ پروفیسرڈاکٹر ملک ساجد منظور اور جناب راشد کیانی کی مہم جویانہ کوششوں نے یہ کام اور بھی سہل کر دیا۔

پروفیسر صلاح الدین خسرو ،پروفیسر طاہر شاہد بھٹی اور پروفیسر طارق اقبال کی شگفتہ و شاداب خوش آمدید نے پژمردہ چہروں کو بھی شاداں و فرحاں کر دیا۔

اس پر مستزاد یہ کہ پروفیسر امجد علی اعوان اور جناب محمد فیصل صاحب نے لذت کام و دھن کا ایسا انتظام و انصرام کیا کہ ناشتہ نہ کر کے آنے والوں کے وارے نیارے ہو گئے ۔ چائے ایسے چلی کہ کیا ہی کہنے۔ مذکورہ کمیٹی کے لیے بے ساختہ ڈھیروں دادو تحسین و تشکر کے جذبات کا اظہار ایک فطری عمل تھا ۔

میڈیا کمیٹی کالج میں منعقدہ ہر پروگرام کے پس منظر میں فعال رہتی ہے۔ پروفیسر حبیب اللہ عزیز ، پروفیسر ظہیرعباس بلوچ ، پروفیسر ناصر نیاز رانا، پروفیسر صلاح الدین خسرو ، پروفیسر کنورمحمد نبیل اور پروفیسر ندیم تاج نے بطریق احسن اس سارے پروگرام کو ناظرین تک پہنچانے کا اہتمام کیا۔ اس پروگرام کی عکس بندی گواہ ہے کہ کس عرق ریزی سے یہ کاوش کی گئ ہے۔ آفرین تمام احباب کے لئے!

مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (ایم آئی ایس) ایم آئی ایس کمیٹی کے جملہ احباب نے والدین و طلبا کو پیش آنے والے مسائل کا تندہی سے تدارک کیا۔ پروفیسر صابر علی ، پروفیسر شاہدمحمود چوہدری ، پروفیسر شاہد اعجاز نے دوبارہ داخلہ ، نتائج ، جرمانہ ، اوردیگر تمام مسائل کے ممکنہ قابل عمل حل پیش کئے کہ والدین اور طلبا خوشی خوشی گھروں کو لوٹے۔

تمام شعبہ جات کے اساتذہ کرام اور صدور نے انتہائ خندہ پیشانی اور حسن سلوک سے والدین کو طلبہ کی کارکردگی اور مستقبل میں پیش آمدہ صورتحال سے آگاہ کیا۔

نان ٹیچنگ سٹاف نے اچھٹی کے دن کو بھی بھرپور کار آمد بناتے ہوئے انتہائ محنت سے کام کیا۔

پروفیسر غلام قادر عباسی (وائس پرنسپل امور تعلیم ) والدین کے استقبال سے لے کر ان کے رخصت ہونے تک ہر موقع اور ہر جگہ پر راہ نمائ کرتے دکھائ دیے ۔ اس پروگرام کی ہر طرح سے تیاری ،لمحہ بہ لمحہ والدین کو آگاہ کرنے سے لے کر نتائج دینے تک سخت جانفشانی اور محنت لائق صد تحسین و ستائش ہے۔

سارے پروگرام کے پیچھے ایک ہمہ جہت شخصیت جو نہ صلے کی تمنا نہ ستائش کی پرواہ کے مصداق اپنے کام سے کام ۔۔۔اور صرف کام ہی کام میری مراد پرنسپل اسلام آباد ماڈل کالج برائے طلبہ ایچ نائن اسلام آباد پروفیسر جاوید اقبال مغل ہیں ۔

پروفیسر جاوید اقبال مغل پرنسپل کالج ہذا نے اپنے خطاب میں والدین اساتذہ ملاقات کو طلبا کی کامیابی میں کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیا۔ سینڈ اپ امتحانات کو خواب غفلت کے شکار طلبہ کے لئے جگانے والی گھنٹی قرار دیا۔ نصف وقت اور نصف نصاب مکمل ہونے پر یہ امتحان نصف باقی کے لئے مستقبل کا لائحہ عمل تیار کرنے میں مدد دے گا۔ پرنسپل صاحب نے ہاسٹل میں مقیم طلبا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے۔ حسب روایت ہر سال کی طرح امسال بھی اچھی کارکردگی دکھانے والے طلبا کے لئے خطیر رقم کے انعامات کا اعلان کیا۔

والدین نے اس شاندار بامقصد پروگرام کو سراہتے ہوئے کالج انتظامیہ اساتذہ کرام کا شکریہ ادا کیا ۔بہت سے والدین نے کلمات تحسین ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہم نے ایک اچھے ادارے کا انتخاب کیا اور ہم مطمئن ہیں کہ ہمارے بچوں کا مستقبل محفو ظ ہا تھوں میں ہے۔

(تحریر: پروفیسر ناصر نیاز رانا، شعبہ اردو زبان و ادب / ممبر میڈیا کمیٹی)

We all had made it possible .......

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *