Header IMCB H-9
►►►►►►   IMCB H-9 Won FBISE Inter-Colleges Kabaddi Final 2022-23 defeating IMCB H-8

فیڈرل بورڈ کے زیر اہتمام بین الکلیاتی کبڈی مقابلوں کے فائنل میں کالج کی فیصلہ کن فتح

فاتح ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 29کے مقابلے میں 31 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔دونوں ٹیموں کے پہلوانوں کے داؤپیچ سے شائقین خوب محظوظ ہوئے۔

فاتح ٹیم کے بہترین ریڈر قاسم داد مخالف ٹیم کے پالے میں ایسی چستی اور پھرتی سے اترے کہ جھپٹنا ، پلٹنا ، پلٹ کر جھپٹنا کی عملی تصویر پیش کردی۔ کپتان عمر فیاض مخالف ٹیم کے پالے سے پوائنٹ چھین کر آتے تو ان کی سربراہی میں ان کے جیالے موسی افضل،ملک وہاب مرتضی ، ذیشان خان، ذیشان ظفر ، احمد علی، محمد بلال، بلال خان، احسن ثقلین، عمر خان، حُمیر احمد، محمد احمد اور عدنان مخالف ٹیم کے ریڈرز کو باری باری ایسا پکڑتے کہ وہ اپنے پالے میں واپس نہ جا پاتے۔ طلبہ کے مقبول پہلوان موسی افضل نے اپنے داؤ دکھانے شروع کیے اور ایک کے بعد ایک پوائنٹ لے کر اپنے حامی شائقین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے چلے گئے۔فاتح ٹیم کے کپتان کی سربراہی میں تمام ٹیم نے ہمت، چستی ، پھرتی ، قوت بازو کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیتنے کا یہ سنہری موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

فاتح ٹیم کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی پروفیسر طاہر شاہد بھٹی نے اس انداز میں کی کہ کھلاڑیوں نے جیت کی راہ پکڑ لی۔ طبیعت کی ناسازی اور بخار کی آتی جاتی سردی گرمی کو پروفیسر طاہر شاہد بھٹی نے اپنے فرائض کی انجام دہی میں حائل نہ ہونے دیا اور ہمہ وقت سرگرم عمل رہے۔ صدر شعبہ پروفیسر احتشام عزیز اپنی ناگزیر سرکاری مصروفیات کے باوجود اپنی ٹیم کی ہمت بندھانے کیلیے خود موجود رہے ۔ طلبہ شعبہ صحت و جسمانی تعلیم کی اس بے لوث لگن کو دیکھ کر پروفیسر احتشام عزیز زندہ آباد، پروفیسر طاہر بھٹی پائندہ آباد کے نعرے لگاتے رہے۔پروفیسر اسداللہ غالب گوندل، پروفیسر مدثرالزمان چانڈیو، پروفیسر نائب علی طوری، پروفیسر منظر ظفر کاظمی ، پروفیسر شاہد محمود چودھری ، پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران ، پروفیسر نعمان فاروقی ، پروفیسر سعادت بشیر قریشی، پروفیسر صلاح الدین خسرو، پروفیسر شاہد اعجاز، جناب راشد محمود کیانی، جناب شہزاد حسن کورائی، جناب محمد نعیم خان یوسفزئی، جناب ذوالفقار جدون، جناب غلام مصطفی ، جناب محمد مصطفی ، جناب سفیر حسن، جناب محمد نذیر ، جناب راجہ محمد سلیم، جناب محمد خالد اور جناب محمد ذوہیب صاحب بھی کالج ٹیم کی حوصلہ افزائی میں پیش پیش رہے۔

اسلام آباد ماڈل پوسٹ گریجویٹ کالج H-8 کے شعبہ صحت و جسمانی تعلیم کے صدر پروفیسر راجہ وسیم مسیح اور شعبہ سیاسیات کے پروفیسرجناب علی رضا شاہ کی سرپرستی میں مہمان ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا۔ شائقین نے ٹیم کی خوب حوصلہ افزائی کی ، ٹیم کے پھرتیلے اور تنومند کھلاڑیوں شیراز احمد ، سیف اللہ، ولید خان اور بلال حسن نے مخالف ٹیم کے پالے میں آ کر اپنے داؤپیچ یوں چلے کہ دیکھنے والے عش عش کرتے رہے۔ پروفیسر راجہ وسیم مسیح نے کہا کہ "گراؤنڈ کا ماحول دیدنی تھا اور کیوں نہ ہوتا، یہ کبڈی کا فائنل جو تھا۔"

کالج کی جیت پر ردعمل:

میچ کے اختتام پر فاتح کالج کے طلباء نےٹیم کے کھلاڑیوں کو کندھوں پر اٹھا لیا اور کالج کے میدان حق ہو اللہ ہو ، پاکستان زندہ باد، ایچ نائن کالج پائندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

کالج کبڈی کا سلطان بنا تو سوشل میڈیا پر مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا اور ساتھ ہیجیسے ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنےلگے۔ #KabaddiSultan2023

پروفیسر احمد جمال وائس پرنسپل ایڈمن اور پروفیسر غلام قادر عباسی وائس پرنسپل (اکیڈمک) نے طلباء اور شعبہ صحت و جسمانی تعلم کے اساتذہ کرام کی حوصلہ افزائی کی اور اس کامیابی کیلیے دن رات محنت کرنے پر پروفیسر احتشام عزیز اور پروفیسر طاہر شاہد بھٹی کی شبانہ روز محنت کو خوب سراہا۔

اسلام آباد ماڈل کالج برائے طلبہ H-9 اسلام آباد کے پرنسپل پروفیسر جاوید اقبال مغل نےاسلام آباد ماڈل پوسٹ گریجوئٹ کالج H-8 اسلام آباد کی ٹیم کو بھرپور مقابلہ کرنے پر مبارکباد پیش کی اور اپنے پیغام میں کہا:

شکست و فتح میاں اتفاق ہے لیکن

مقابلہ تو دل ناتواں نے خوب کیا

جناب پرنسپل نے اپنی فاتح ٹیم ، کبڈی کے چیمپئنز کے نام اپنے پیغام میں لکھا:

شاباش شیرو! یہ کبڈی کی دو اچھی ٹیموں کا ایک بہترین مقابلہ تھا میں اس جیت پر اپنے پہلوانوں کو ، سرپرست اساتذہ کرام بالخصوص پروفیسر احتشام عزیز اور پروفیسر طاہر شاہد بھٹی کو، وائس پرنسپل ایڈمن پروفیسر احمد جمال اور وائس پرنسپل ایکڈیمک پروفیسر غلام قادر عباسی ،اساتذہ کرام ، نان ٹیچنگ سٹاف اوراپنے عزیز طلباء کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

پرنسپل پروفیسر جاوید اقبال مغل نےتمام ٹیم کو خصوصی مبارکباد پیش کی اور اس شاندار کامیابی پر طلباء کیلیے جلد انعامات کی تقسیم کا اعلان کیا۔

(تحریر: فقیر حبیب اللہ عزیز)

Visit our Official Facebook Page for more Photographs

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *