Header IMCB H-9
►►►►►► Orientation Session for new entrants HSSC-1 -2022

سال اول سنہ 2022 کے طلبا کیلیے تعارفی / استقبالیہ تقریب کا انعقاد

(تحریر ، پروفیسر ناصر نیاز رانا )

اسلام آباد ماڈل کالج برائے طلبہ ایچ 9 میں آج مورخہ 2 ستمبر 2022 کو سال اول میں داخلہ لینے والے طلبہ کے اعزاز میں شاندار تعارفی / استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ تلاوت کی سعادت ارجمند اعوان طالب علم سال دوم آئ کام نے حاصل کی ۔ہدیہ نعت بہ حضور سرور کونین( ﷺ) کامران کیانی طالب علم سال دوم آئی کام نے پیش کیا ۔محمد نبیل اویس طالب علم سال دوم آئی سی ایس نےنئے آنے والے طلبا کے لیے استقبالیہ کلمات ادا کیے ۔ بعد ازاں پروفیسر صابر علی صاحب نے ٹائم ٹیبل سے متعلق طلبہ کو آگاہ کیا۔ کنٹرولر امتحانات پروفیسر عابد علی مغل صاحب نے امتحانات اور اس کے طریقہ کار پر سیر حاصل گفتگو فرمائی ۔ٹرانسپورٹ کے شعبہ سے متعلق روٹس ، بس کارڈ اور سفری سہولیات حاصل کرنے پرانچارج کالج ٹرانسپورٹ ، ڈاکٹر محمد آصف محمود نے روشنی ڈالی ۔ ' صحت مند دماغ کے لئے صحت مند جسم کی ضرورت ہوتی ہے ' ان خیالات کا اظہارانچارج سپورٹس ، پروفیسر احتشام عزیز صاحب نے کیا۔ چیف پراکٹر پروفیسر مدثر الزمان چانڈیو صاحب نے ڈسپلن اور اس کی ضرورت سے متعلق طلبہ کو آگاہ کیا۔ انچارج مجلہ کالج ہذا " منزل" اور ہم نصابی سرگرمیاں پروفیسر اسد اللہ غالب صاحب نے ادب ، تخلیق اور ان کے مبادیات پر سیر حاصل گفتگو فرمائی۔

وائس پرنسپل اکیڈمک پروفیسر غلام قادر عباسی صاحب نے طلبہ کو علم کے حصول میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھنے پر زور دیا اور ساتھ ہی اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ آپ وفاق کے کہنہ مشق اساتذہ کی طرف سے بھی اس مقصد کے حصول میں کوئی کمی نہیں دیکھیں گے ۔

وائس پرنسپل ایڈمن پروفیسر احمد جمال صاحب نے انتظامی معاملات میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کالج کی شاندار خدمت پر اظہار خیال فرمایا۔ بعد ازاں فیڈرل بورڈ کے سال دوم کے سالانہ امتحان میں کالج ہذا میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار طالب علم شاہ رخ کو پھولوں کا تحفہ پیش کیا گیا۔

پرنسپل پروفیسر جاوید اقبال مغل صاحب نے اپنے صدارتی خطاب میں والدین اور طلبہ کو خوش آمدید کہا ۔ اور طلبہ کے بہتر مستقبل میں اساتذہ کرام کے ساتھ والدین کے کردار پر روشنی ڈالی ۔ کالج کی تاریخ کے ساتھ موجودہ کامیابیوں کو بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہر آنے والا دن کالج کے لئے پہلے سے بہتری کا دن ہے ۔ مینجمنٹ کمیٹی کے تمام ممبران اور بالخصوص اس پر وقار تقریب کے روح رواں چیئرمین کمیٹی برائے استقبالیہ تقریب اوررکن کمیٹی پروفیسر صلاح الدین خسرو صاحب کی اس تقریب کے انعقاد کے لیے انتھک کوششیں لائق صد تحسین ہیں۔ اس تقریب کا کامیاب انعقاد ٹیم ورک کا ثمر ہے۔ نان ٹیچنگ سٹاف نے اپنی محنت سے تقریب کو چار چاند لگا دئیے

نظامت کے فرائض بندہ نا چیز و پر تقصیر ناصر نیاز رانا نے ادا کرنے کی کوشش کی۔

گر قبول افتد زہے عز و شرف۔